اسلام آباد /سیالکوٹ (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ کے علاقے وزیرآباد میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کو کٹہرے میں
لانے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد پنجاب حکومت نے پچاس مشتبہ افراد کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے کا نوٹس لے کر پنجاب حکومت سے رابطہ کیا اور تمام تفصیلات طلب کیں ہیں۔وزیراعظم نے ملوث افراد کو قانو ن کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’غیرملکیوں کے جان و مال کی حفاظت ریاستی ذمہ داری ہے، کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے کہا کہ سیالکوٹ واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی، ریاست اورپاکستانی شہری بہیمانہ واقعے کی مذمت کررہے ہیں کیونکہ عوام کے جان ومال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔