اسلام آباد (نیوزڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ دوغلی پالیسی کی بات کر نے والوں نے ملک اور جمہوریت کی خلاف سازش کر کے تاریخ کی بد ترین دو غلی پالیسی چلائی ۔عمران خان پاکستان مسلم لیگ (ن) یا حکومت کے نہیں قدرت کے انتقام کانشانہ بنے ۔ عمران خان سمجھ جائیں کسی کی عزت اچھا کر کبھی عزت نہیں پاسکتے۔منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویزرشید نے ایک بیان میں کہاکہ دوغلی پالیسی کی بات کر نے والوں نے ملک اور جمہوریت کی خلاف سازش کر کے تاریخ کی بد ترین دو غلی پالیسی چلائی انہوںنے کہاکہ دن کولوگوں کو جمہوریت کا سبق پڑھاتے رہے اور رات کو اندھیروں میں جمہوریت پر حملہ کر نے کی سازش کرتے رہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک اور جمہوریت کے خلاف سازش سے عمران خان ہمیشہ کےلئے دوغلے ثابت ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان پاکستان مسلم لیگ (ن) یا حکومت کے نہیں قدرت کے انتقال کانشانہ بنے انہوںنے کہاکہ ڈی چوک سے ڈی سیٹ ہونے تک کی کہانی رونگٹے کھڑے کر نے والی ہے۔ خان صاحب یہ بات سمجھ جائیں کہ کسی کی عزت اچھال کر وہ کبھی عزت نہیں پا سکتے ۔