ممبئی (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو ملنے کے بعد بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہاہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی اہم چیلنج ہے جس پر غور کرنا لازمی
ہے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت یہ فیصلہ کرنے سے پہلے پڑوسی ملک (پاکستان) میں ‘سیکیورٹی’ کی صورتحال پر نظر رکھے گی کہ آیا بھارتی کرکٹ ٹیم عالمی ایونٹ کے لیے سفر کرے گی یا نہیں۔انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ جب اس طرح کے عالمی ٹورنامنٹ ہوتے ہیں تو کئی عوامل پر غور کیا جاتا ہے، ماضی میں بھی آپ نے دیکھا ہوگا کہ بہت سے ممالک نے پاکستان جانے سے انکار کیا ہے۔بھارتی وزیر کھیل نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی ایک اہم چیلنج ہے جس پر غور کرنا لازمی ہے لہذا جب وقت آئے گا، حکومت حالات کے مطابق فیصلہ کرے گی۔واضح رہے کہ آئی سی سی کے اعلان کے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی۔