لاہور( این این آئی) لاہورہائیکورٹ کے دوسرے بنچ نے بھی تحریک انصاف کے حلقہ این اے133سے امیدوار جمشیداقبال چیمہ اور مسرت جمشیدچیمہ کی درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی ، چیف جسٹس نے درخواستوں پر سماعت کے لئے نیا ڈویژن بنچ تشکیل دیدیا
جو کل منگل کے روز سماعت کرے گا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان کی سربراہی میں جسٹس فیصل زمان خان پر مشتمل دو رکنی بنچ تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کی درخواست پر سماعت کیلئے مقرر تھا۔ جمشید اقبال چیمہ اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ۔فاضل بنچ کے رکن جسٹس فیصل زمان خان نے درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی جس پر بنچ کے سربراہ نے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دی ۔اس سے قبل جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں دورکنی بنچ بھی جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کی درخواستوں کی سماعت سے معذرت کر چکاہے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس جواد حسن کی سربراہی میں جسٹس مزمل اختر شبیر پر مشتمل دو رکنی نیا بنچ تشکیل دیدیا ہے جوکل منگل کے روز دوپہر بارہ بجے درخواستوں پر سماعت کرے گا۔جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ نے کاغذات مسترد ہونے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حلقہ این اے 133 کا الیکشن شیڈول کالعدم قرار دے اور ووٹرز لسٹوں کی از سرنو تصدیق کے بعد نیا انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔