لاہور(آئی این پی ) لاہور کے علاقے تھانہ بڈیارہ کی حدود میں معصوم بچی کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہوا، پولیس نے 8سالہ بچی حبیبہ کو قتل کرنے والا سگا لیکن سنگدل باپ محمد ارشد گرفتار کرلیا۔ ایس پی سی آئی اے
عاصم افتخار کمبوہ کے مطابق ملزم ارشد نے 2شادیاں کررکھی تھیں، اور جس بچی کو قتل کیا وہ اس کی پہلی بیوی سے تھی، ملزم نے پہلی بیوی کو طلاق دے دی تھی، اور اس کا بیٹا اور بیٹی اسی کے پاس ہی رہتے تھے، دوسری بیوی کا دونوں بچوں کی وجہ سے اپنے شوہر ارشد سے لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔ایس پی سی آئی اے نے بتایا کہ ملزم نے دوسری بیوی کو خوش کرنے کے لیے تیز دار آلے سے اپنی 8 سالہ معصوم بیٹی کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا، ملزم نے بیٹی کے قتل کی سنگین واردات کے بعد ایمرجنسی 15 پر اس کی خود کشی کی کال کی تھی، تو پولیس بھی وہاں پہنچ گئی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کی تو انکشاف ہوا کہ بدبخت باپ نے ہی اپنی بیٹی کو قتل کیا ہے اور ملزم عنقریب اپنے بیٹے کو بھی قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا