اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں سے گھروں کی چھتیں گرنے سے بارہ افراد دم توڑ گئے ، دو افراد برساتی نالوں میں بھی بہہ گئے ، مختلف حادثات میں پندرہ افراد زخمی بھی ہوئے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے بارش جان لیوا بن گئی۔ موسلادھار بارشوں نے ا?ج بھی کئی گھروں کی چھتیں گرادیں۔ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ بھلوال کے علاقے اشرف کالونی میں مدرسے کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ کندیاں کے علاقے ڈھنگانہ میں گھر کی گرنے والی چھت نے ایک شخص کی جان لے لی جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ تلہ گنگ کے علاقے پٹ والی میں گھر کی چھت موسلادھار بارش کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور گرگئی جس سے باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے۔ گوجرانولہ کے علاقے مرالہ والی میں چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہوگئے۔ گذشتہ روز بھی گھروں کی چھتیں گرنے سے بیس افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔ کالا باغ میں برساتی نالہ ملا خیل بپھر گیا جس سے 13 سالہ لڑکا سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ جامشور میں لکی کے علاقے میں سیم نالے میں نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔