اسلام آباد (نیوزڈیسک ) فیصل آباد میں تین بہنوں کا اکلوتا بھائی اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا ، دو ماہ کے بچے کی لاش نہر سے برآمد کر لی گئی ، لاش جب گھر پہنچی تو صف ماتم بچھ گئی ، بچے کی ماں لاش سے لپٹ کر روتی رہی۔ تھانہ پیپلز کالونی کے علاقے سندر سنگھ میں گزشتہ روز گھر سے تین بہنوں کے اکلوتے بھائی کو اغوا کر لیا گیا۔ 2 ماہ کا معظم گھر میں اپنی ایک بہن کیساتھ اکیلا تھا جب کہ باقی فیملی گھر سے باہر تھی۔ بچے کے اغوا کا مقدمہ تھانہ پیپلز کالونی میں درج کیا گیا ، پولیس اور گھر والے ساری رات بچے کو تلاش کرتے رہے لیکن آج صبح نہر سے بچے کی لاش مل گئی جسے پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ بچے کی لاش جب گھر پہنچی تو ہر آنکھ نم نظر آئی۔ بچے کی والدہ اپنے دو ماہ کے لخت جگر سے لپٹ کر روتی اور بین کرتی رہی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے اغوا کا مقدمہ درج ہے اور ملزمان کو بھی بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔