اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے آج جیتنے کی صورت میں وزیراعظم کا فائنل دیکھنے کے لیے دبئی جانے کا امکان ،تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کون سی ٹیم کرے گی اس بات کا فیصلہ آج ہوگا تاہم وزیر اعظم عمران خان کی جانب
سے قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں جیت کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان آج سیمی فائنل میں کامیاب ہوتا ہے تو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے فائنل دبئی جاکر دیکھے جانے کا امکان ہے اور وزیراعظم نے اپنے قریبی رفقا سے فائنل دبئی میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج کا میچ جیت کرفائنل میں نیوزی لینڈ سے سکیورٹی کا مسئلہ بھرپورطریقے سے حل کرنا ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ آج دو بڑی اورتگڑی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے، پاکستان ٹیم جس شاندارکھیل کا مظاہرہ کررہی ہے ایسی کارکردگی بہت کم رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا میچ جیت کرفائنل میں نیوزی لینڈ سے سکیورٹی کا مسئلہ بھرپورطریقے سے حل کرنا ہے اور آج کا میچ ضرور جیتیں گے، پوری قوم اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ تمام کھلاڑیوں کے پاس سپراسٹاربننے کا موقع ہے، ٹیم کے 5 مختلف پلیئرزکو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا ہے، اب دیکھتے ہیں چھٹے میچ میں کس کو یہ اعزاز حاصل ہوتا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ ہم فائنل میں پہنچے تو فائنل دیکھنے ضرورجائیں۔



















































