اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور آل رائونڈر شعیب ملک سیمی فائنل میچ سے قبل فٹ قرار دے دیے گئے۔ پی سی بی اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر نے دونوں کو سیمی فائنل کھیلنے کی اجازت دے دی، آسٹریلیا کیخلاف دونوں کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے۔ اس سے قبل یہ خبر آئی تھی کہ قومی کرکٹ ٹیم کے
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور آل راونڈر شعیب ملک صحت میں بہتری محسوس کر رہے ہیں، دونوں کھلاڑیوں کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔مینیجر منصور رانا نے بتایا دونوں کھلاڑی بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں، میڈیکل پینل دوپہر (یو اے ای ٹائم) میں دونوں کھلاڑیوں کا دوبارہ جائزہ لے گا، معائنے کے بعد پی سی بی میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کر دے گا۔ اْن کا مزید کہنا تھا کہ فلْو اور معمولی بخار کی وجہ سے دونوں نے گزشتہ روز پریکٹس میں حصہ نہیں لیا تھا، تاہم دونوں کھلاڑی سیمی فائنل کھیلنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ٹیم کے دو قابل اعتماد بیٹسمین شعیب ملک اور محمد رضوان فلْو میں مبتلا ہوگئے تھے، انہیں معمولی بخار بھی تھا تاہم ان کی کووڈ ٹیسٹ کی رپورٹ کلیئر آئی، البتہ ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دیا۔دریں اثنا آل راونڈر شعیب ملک اور محمد رضوان طبیعت کی ناسازی کی خبر سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہوگئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)
کی جانب سے شعیب ملک اور رضوان کی طبیعت ناساز ہونے سے متعلق خبر کی تصدیق نے کرکٹ کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔سوشل میڈیا پر اب تک 3 ہزار سے زائد لوگ اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرچکے ہیں۔یہ خبر سن کر مداح اس لیے پریشان ہوگئے ہیں کہ اگر یہ دونوں اہم کھلاڑی شعیب اور ملک دونوں طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ایونٹ میں سیمی فائنل سے باہر ہوگئے تو پاکستانی ٹیم آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کا مقابلہ کیسے کرسکے گی۔



















































