دمشق(آن لائن ) متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے شام کے دارالحکومت میں صدر بشارالاسد سے اہم ملاقات کی ہے جس پر امریکا نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید شام کے دارالحکومت دمشق پہنچے جہاں اْن کا استقبال صدر بشار الاسد نے کیا۔
کسی اماراتی سینئر رکن کا یہ شام کا پہلا دورہ ہے۔شام کے ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ صدر بشارالاسد سے ملاقات کی اور سرمایہ کاری سمیت دوطرفہ تعلقات، تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر خارجہ شیخ عبداللہ نے شامی صدر کے ساتھ ملاقات میں شام میں بحران کے خاتمے اور ملک کی سلامتی، استحکام پر اور دو طرفہ تعلقات کے استحکام پر زور دیتے ہوئے تعاون کا یقین دلایا۔خطے پر اس ملاقات کے دور رس اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، متحدہ عرب امارات امریکا کا اتحادی ملک ہے تاہم صدر بشار الاسد سے اماراتی وزیر کی ملاقات سے امریکا خوش نہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ہم نہ صرف اس ملاقات سے ا?گاہ ہیں بلکہ ہمیں اس سے ملنے والے اشارے پر تشویش بھی ہے۔ ہم بشار الاسد سے تعلقات کو معمول پر لانے یا ان کی بحالی کی کسی بھی قسم کی کوششوں کی حمایت نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے نہ صرف 3 سال قبل شام میں اپنا سفارت خانہ کھولا تھا بلکہ دیگر عرب ممالک کو بھی شام سے تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششیں کرتا رہا ہے جس پر اردن اور مصر نے شام سے تعلقات بحال کیے تھے۔



















































