اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چین کے تعاون سے کراچی میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر کام شروع ہو گیا ہے،115ملین ڈالر کی لاگت سے یہ منصوبہ آئندہ سال جون میں مکمل ہوگا اور تین ماہ بعد بجلی کی سپلائی شروع ہوجائے گی ، ونڈ پاور پلانٹ سے 49.5میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جس سے ایک لاکھ خاندان مستفید ہونگے۔یہ بات ہائیڈرو چائنا انویسٹمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے سیکرٹری جیانگ لی نے ایک چینی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔انھوں نے کہا کہ پلانٹ پر کی جانے والی سرمایہ کاری تکمیل کے 8سال بعد وصول کی جائے گی،انھوں نے کہا کہ چین نے ونڈ پاور پلانٹ پر115ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔انھوں نے کہا کہ کہ اس پلانٹ کی بجلی پیداکرنے کی گنجائش 49.5میگا واٹ ہے اورتکمیل کے بعد اسے 20سالوں تک چلایا جاسکے گا۔