حسن ابدال(آن لائن) گذشتہ دور حکومت میں نواز شریف کیخلاف مظاہرے حلال جبکہ موجودہ دورہ حکومت میں عمران خان کے خلاف حرام کیسے ہو گئے۔حکومت کو چاہیے کہ تحریک کے مسئلے کو افہام و تفہیم کیساتھ حل کیا جائے،
نہ کہ نہتے مظاہرین کیخلاف طاقت کا استعمال کرے۔تحریک مذہبی جماعت ضرور لیکن انتہا پسند نہیں۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے گذشتہ روز فضائیہ ہاوسنگ کالونی ترنول میں منعقدہ حاجی گل ملوک وزیر کے صاحبزادے جمیع اللہ کی دعوت ولیمہ تقریب میں میڈیا نمائندوں سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔دعوت ولیمہ کی پر وقار تقریب میں ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی،جے یو آئی کے نائب امیر میاں محمد اسلم سمیت مختلف ممالک کے سفیروں بھی شریک ہوئے۔مولانا فضل الرحمن نے حاجی گل ملوک وزیر کو ان کے صاحبزادے جمیع اللہ کی شادی خانہ آبادی کی مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ کے پی میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کو تسلیم نہیں کرتے،جو حکومت خود دھاندلی کی پیداوار ہو اس کی زیر نگرانی ہونے والے انتخابات کو کیسے قبول کیا جا سکتا ہے۔