اسلام آباد (این این آئی)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں بجلی کی اوسط قیمت میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع نیپرا کے مطابق پی ٹی آئی حکومت آنے سے پہلے بجلی کی اوسط قیمت11 روپے 72 پیسے فی یونٹ تھی، پی ٹی آئی حکومت کے دوران فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اوسطا 6 روپے11 پیسے اضافہ ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نیپرا کا کہنا ہے کہ حالیہ 1روپیہ 39 پیسے اضافے سے فی یونٹ اوسط قیمت 17 روپے 83 پیسے ہو جائے گی، اوسط قیمت فی یونٹ میں بنیادی ٹیرف اور سہ ماہی ٹیرف بھی شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق حکومت بجلی بلوں پر 17 فیصد جی ایس ٹی وصول کرتی ہے اور بجلی بلوں پر 1.5فیصد الیکٹریسٹی ڈیوٹی بھی شامل ہوتی ہے، اس کے علاوہ بجلی بلوں میں 45 پیسے فی یونٹ فنانشل کاسٹ سرچارجز لیا جاتا ہے جب کہ بجلی بلوں میں 35 روپے ٹی وی فیس کے بھی لیے جاتے ہیں۔