ریاض(نیوزڈیسک ) سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ مصر کو دونوں ملکوں کے ذرائع ابلاغ نے غیر معمولی اہمیت دی ہے اور کہا ہے کہ یہ دورہ نہایت کامیان رہا ہے۔ دوسری جانب مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دورہ مصر کی دعوت دی ہے۔ وزیردفاع کے جمہوریہ مصر کے دورے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور یہ دورہ نہایت کامیاب ثابت ہو گا۔خیال رہے کہ سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے کل جمعرات کو قاہرہ میں مصری صدر فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی سے خوش گوار موڈ میں طویل ملاقات کی تھی۔ شہزادہ محمد کے قاہرہ پہنچنے پر صدر السیسی نے خود ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں دونوں رہ نمائوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے موضوعات پرطویل گفتگو ہوئی۔ بات چیت میں دونوں ملکوں کے سرکردہ حکام بھی موجود تھے۔مصری ایوان صدر کے ترجمان علا یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ صدر جمہوریہ نے خود سعودی مہمان کو خوش آمدید کہا۔ شہزادہ محمد نے خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے صدر السیسی کے لیے خصوصی پیغام بھی ان تک پہنچایا۔ صدر السیسی نے کہا کہ مصرہمیشہ عرب اقوام کے حقوق کے لیے جنگ لڑتا رہا ہے۔ اب بھی اپنے عرب بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ خلیجی خطہ مصر کے لیے سرخ لکیر اور مصر کی قومی سلامتی کا جز لازم بن چکا ہے۔اس موقع پر مصری صدر نے سعودی عرب کی قیادت کی طرف سے مصری قوم کی مالی اور سیاسی مدد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ریاض نے ہرمشکل میں مصری عوام کا ساتھ دے کر عرب بھائی چارے کا ثبوت فراہم کیا۔ذرائع کے مطابق نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے والد شاہ سلمان کا ایک خصوصی پیغام بھی مصری صدر عبدالفتاح السیسی تک پہنچایا۔ خصوصی پیغام میں شاہ سلمان کی جانب سے مصری قیادت کی خلیجی ممالک کے لیے خدمات کی تحسین کی گئی ہے۔ عرب ممالک کی وحدت اور تمام شعبوں میں عرب اقوام کے اشتراک کے حوالے سے بھی مصر کے جامع کردار کی تعریف کی گئی ہے۔مصری ایون صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر السیسی نے بھی شاہ سلمان کو ایک خصوصی پیغام بھیجا ہے، جس میں انہیں دورہ مصر کی دعوت بھی دی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مصر عوام شاہ سلمان کی آمد کے منتظر ہیں۔ایوان صدر کے ترجمان نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور صدر السیسی کے درمیان گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات، اقتصادی اور معاشی ترقی کے لیے دونوں ملکوں کے مابین تعاون کے فروغ، عرب ممالک کو درپیش امن امان کے مسائل، انتہا پسند گروپوں کے خلاف جاری جنگ اور عرب اقوام کی آزادی کے لیے جاری تحریکیں اور عرب خطے کے استحکام جیسے موضوعات پرتبادلہ خیا کیا گیا۔بعد ازاں شہزادہ سلمان نے قاہرہ ملٹری اکیڈیمی کی پاسنگ آئوٹ تقریب میں بھی شرکت کی۔ تقرین میں مصرکی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف جنرل صدقی صبحی بھی شریک تھے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں