اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وصیت کے مطابق ان کی تدفین سیکٹر ایچ 8 قبرستان میں کی جائے گی اور اس حوالے سے اسلام آباد کی انتظامیہ نے انتظامات شروع کر دیئے ہیں ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی فیصل مسجد میں دو پہر ساڑھے تین بجے کی جائے گی جہاں سیکیورٹی انتظامات کا آغاز کر دیا گیاہے جبکہ مسجد کو کلیئر کیا
جارہاہے ۔دریں اثنا وزیر دفاع پرویز خٹک نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پوری قوم ڈاکٹر عبد القدیر خان کی جانب سے دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لیے ان کی مقروض ہے۔عبدالقدیر خان کی وفات پر وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہمیشہ ان کی خدمات کو یاد رکھے گا اور پوری قوم ان کی جانب سے دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لیے ان کی مقروض ہے۔علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے ڈاکٹرعبدالقدیرخان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محسن پاکستان کا انتقال قومی سانحے سے کم نہیں ہے۔ اپنے بیان میں وزیر مملکت نے ڈاکٹر ڈاکٹرعبدالقدیرخان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محسن پاکستان کا انتقال قومی سانحے سے کم نہیں ہے۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم محسن پاکستان سے محروم ہو
گئی ہے۔اپنے بیان میں سراج الحق نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنایا تاہم ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو محفوظ بنایا۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان صرف ایک سیاستدان ہی نہیں بلکہ ایک کالم نویس، معلم اور قوم کا دکھ درد رکھنے والے باعمل مسلمان تھے، ان کا انتقال نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔



















































