اسلام آباد(نیوز ڈیسک)امریکہ نے ملاعمرکی ہلاکت سے متعلق میڈیارپورٹس کوقابل اعتبار قرار دے دیا۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان ایرک شلٹز نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ ملا عمر کے انتقال کر جانے کی اطلاعات قابل بھروسہ ہیں تاہم انھوں نے افغان حکام کے اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ افغان طالبان کے سربراہ کی موت کراچی کے ایک ہسپتال میں ہوئی تھی۔ امریکی صدر کے دفتر کے ترجمان نے کہا کہ خفیہ ادارے ان اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں اور ان کی موت سے منسلک حالات کا تجزیہ کرنے میں مصروف ہیں تاہم وہ فی الحال اس بارے میں مزید کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے۔ ادھر افغانستان کے صدر کی جانب سے افغان طالبان تحریک کے امیر ملا محمد عمر کے دو برس قبل انتقال کی خبر کو مستند قرار دیے جانے کے بعد امریکہ نے بھی اب اسے ‘قابلِ اعتبار’ قرار دیا ہے۔ افغانستان کی سکیورٹی سروس کے ایک ترجمان نے اس سے پہلے کہا تھا کہ ملا عمر دو برس قبل پاکستان میں انتقال کر گئے تھے جس کے بعد افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ ‘ملا عمر کی موت کی اطلاعات مستند ہیں۔