کابل(نیوزڈیسک)افغان طالبان کی شوریٰ نے ملا اختر محمد منصور کو طالبان کا امیرمنتخب کیا ہے جبکہ سراج الدین حقانی اور ہیبت اللہ اخونزادہ کو نئے امیر کا معاون مقررکیا ہے۔ شوریٰ نے ملا محمد عمر کی موت کی براہ راست تصدیق تو نہیں کی تاہم طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے امیر کا انتخاب ملا عمر کی موت کی بالواسطہ تصدیق ہے۔ طالبان ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان کی رہبر شوریٰ کے اجلاس میں ملا اختر محمد منصور کو طالبان کا نیا امیر منتخب کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملا اختر محمد منصور کو خود ملا عمر نے اپنا نائب مقرر کیا تھا۔ جولائی 2013ء میں ملا عمر کی موت کے بعد سے وہی طالبان تحریک کو چلارہے ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ طالبان کے نئے امیر مذاکرات کے بڑے حامی ہیں۔ تاہم نئے امیر کے انتخاب کے حوالے سے طالبان کی صفوں میں اختلافات سامنے آرہے ہیں اور ملا عمر کے بڑے بیٹے ملا محمد یعقوب بھی امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں