لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی
نے کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عمر شریف کے انتقال پر دلی دکھ ہے، عمر شریف پاکستان کے ایسے فنکار تھے جنہیں پوری دنیا جانتی تھی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ غمزدہ چہروں پر مسکراہٹ کے پھول بکھیرنے والا عمر شریف دنیا سے رخصت ہو گیا، عمر شریف فنکار برادری کا درد رکھنے والے انسان تھے۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے کامیڈی کو چاہنے والے آج اچھے فنکار سے محروم ہو گئے، چودھری پرویز الٰہی نے بطور وزیر اعلیٰ گلبرگ میں ان کے نام پر عمر شریف روڈ بھی منسوب کیا تھا، عمر شریف کا خلا پُر نہیں کیا جا سکتا۔ مسلم لیگی قائدین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عمر شریف کے درجات بلند فرمائے اور ان کے خاندان اور چاہنے والوں کو یہ صدمہ ہمت و صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔