مکہ مکرمہ (نیوزڈیسک) سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کی توسیع کاکام تیسرے مرحلے میں داخل ہوچکاہے اور نئی تعمیرات کے سلسلے میں مسجد کے کنگ عبدالعزیز دروازے کو بند کردیا گیا ہے تاکہ توسیعی کام کے تیسرے مرحلے میں مطاف کی تعمیر مکمل کی جاسکے۔سعودی عرب کے ایک موقعر اخبار”عرب نیوز“ کے مطابق اس مرحلے میں مسجد کے جنوبی حصے میں تعمیرات کی جائیں گی۔ ڈائریکٹر جنرل پراجیکٹس سلطان القرشی کا کہنا تھا کہ کام 24گھنٹے جاری رہے گا اور امید ہے کہ اس کا اختتام اگلے ماہ کے وسط تک ہوجائے گا، تاکہ حج کے موقع پر کام کا قابل ذکر حصہ مکمل ہوچکا ہو۔انہوں نے بتایاکہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی طرف سے حال ہی میں مسجد الحرام کے پانچ تعمیراتی منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا جن میں نئی عمارتیں، سرنگیں اور رنگ روڈ شامل ہے، جبکہ مسجد کو الحاجون اور جروال سے منسلک کرنے والی پیدل گزر گاہیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔ رنگ روڈ کی تعمیر وسطی حصے میں کی جائے گی اور یہ حجاج کو مقدس مقامات کے درمیان آسان اور جلد نقل و حرکت کیلئے ایک اہم سہولت ہوگی ۔