لاہور (نیوزڈیسک) کالعدم شدت پسند تنظیم لشکری جھنگوی کے سابق امیر ملک محمد اسحاق کو مبینہ طور پر سری لنکا کی ٹیم پر ہونےوالے حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی مانا جاتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی پنجاب کے علاقے مظفر گڑھ کے قریب اپنے درجن بھر ساتھیوں سمیت مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونیوالے کالعدم شدت پسند تنظیم لشکری جھنگوی کے سابق امیر ملک محمد اسحاق ابتدا ءمیں کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کے رکن تھے لیکن اپنی مبینہ متشدد پالیسی کی بنیاد پر سپاہ صحابہ سے اختلاف کے بعد ایک نئی تنظیم لشکر جھنگوی کی بنیاد رکھی ۔ ملک اسحاق پر شیعہ اور دیگر مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد کے قتل کے درجنوں مقدمات قائم کیے گئے تھے اور وہ تقریباً 15سال جیل میں رہے ۔اس کے علاوہ ملک محمد اسحاق کو مبینہ طور پر سری لنکا کی ٹیم پر ہونےوالے حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی مانا جاتا ہے۔2009ءمیں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے میں 9کھلاڑی زخمی ہوئے تھے جبکہ اس میں 8پاکستانی شہریوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔سری لنکا کی ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان 2011ءکرکٹ ورلڈ کپ سے محروم ہو گیا تھا۔