اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے مرکزی ترجمان نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے دورہ دھیر کوٹ اور سردارعتیق احمد خان کے وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ ہیلی کاپٹر میں واپسی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وزیراعظم پاکستان کا ہیلی پیڈ پر استقبال کیا اور اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کی طرف سے سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر اور سینئر نائب صدر چوہدری طارق فاروق بھی موجود تھے۔ وزیراعظم پاکستان ہیلی پیڈ سے غازی آباد سردار محمد عبدالقیوم خان کی رہائش گاہ کیلئے روانہ ہونے لگے تو انہوں نے راجہ محمد فاروق حیدر خان کو بلا کر اپنے ساتھ کار میں اپنے ساتھ بیٹھنے کو کہا اور راجہ محمد فاروق حیدر خان وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ ان کی کار میں غازی آباد پہنچے۔ سردار محمد عبدالقیوم خان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور تعزیت کے بعد جب وزیراعظم پاکستان واپس عازم اسلام آباد ہوئے تو سردار عتیق احمد خان نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ صبح اسلام آباد میں سردار صاحب کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس ہے جس میں مجھے ضروری شرکت کرنی ہے اگر آپ کیساتھ ہیلی کاپٹر میں گنجائش ہو تو مجھے بھی یہ سہولت فراہم کر دیں۔ اس پر وزیراعظم نے کہا کہ بے شک آپ ہیلی کاپٹر میں میرے ساتھ چلیں چنانچہ سردار عتیق احمد خان ہیلی کاپٹر میں وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ غازی آباد سے اسلام آباد آئے۔ترجمان نے کہا کہ میڈیا اور بالخصوص سوشل میں میڈیا پر مسلم کانفرنس کے میڈیا سیل ، آفیشلز اور بعض کارکنوں کی جانب سے اس کی من پسند اور افسانوی تاویلیں پیش کی جا رہی ہیں اس لیے اس کی وضاحت کرنا ضروری سمجھا گیا۔