اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کیلئے آزادانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے، انتخابی عمل میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین ٹیکنالوجی کے استعمال سے جعلی مینڈیٹ حاصل کرنے کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے گا، اپوزیشن جماعتیںسیاسی پوائنٹ سکورننگ کرنے کی بجائے الیکٹرانک ووٹنگ مشین
اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دلوانے کیلئے تعمیری کردار ادا کریں۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے، پاکستان بنے ہوئے 74 سال گزر گئے لیکن الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں کی جس کی وجہ سے اسے جوابدہ ہونا پڑے گا تاہم اب الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی جانچ پڑتال کیلئے ٹیکنیکل کمیٹی بنائی ہے جس کا ایک اجلاس ہو چکا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت تمام قومی اداروں کا احترام کرتی ہے، چند ماہ قبل پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے باہر احتجاج کر کے جو آئینی ادارے کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی تھی وہ سب کے سامنے ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ ماضی میں اپوزیشن جماعتیں انتخابی عمل میں دھوکے اور دھاندلی کو فروغ دینے کی حمایت کرتی رہی ہیں، دراصل بات یہ ہے کہ اپوزیشن جماعتیں آزادانہ اور صاف و شفاف انتخابات چاہتی ہی نہیں ہیں کیونکہ یہ ہمیشہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آتی رہی ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں ہمارے ملک میں سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ رحجان تھا تاہم تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات میں بے ضابطگیوں میں ملوث اپنے ارکان کے خلاف سخت کارروائی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین طریقہ کار متعارف کرانے کے بعد اوورسیز پاکستانی بھی انتخابات میں حصہ لینے کے قابل ہو جائیں گے۔