اسلام آباد (نیوزڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ انکوائری کمیشن کی جانب سے 45روز میں رپورٹ دینے کی شرط عمران خان کی تھی عمران خان الزامات کی بجائے آگے چلنے کی بات کریں انصاف کا نظام عمران خان کی توقعات کا پابند نہیں ہوسکتا۔ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید نے کہاکہ انکوائری کمیشن 45دن میں رپورٹ دے یہ شرط عمران خان ہی کی تھیں، کبھی وہ کسی چیز کا مطالبہ کرتے اور بعد میں اسی پر تنقید شروع کردیتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں کمزوریاں تھیں تو وہ سب سیاسی جماعتوں کیلئے یکساں تھیں۔ انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر زور دیا کہ وہ اب الزامات سے آگے جاکر بات کریں اور ملک میں جمہوریت کے استحکام اور فروغ کیلئے کام کریں تاکہ ملک ترقی کرے۔ انکوائری کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد پی ٹی آئی ارکان کے اسمبلی میں میں آنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس میں پہلے ہی شریک ہو رہے ہیں۔