بوسٹن (نیوزڈیسک) ممتاز امریکی فلسفی اور دانشور نوم چومسکی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو بدترین مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور بھارتی فوج کو کشمیر سے واپس چلے جانا چاہیے ۔ نوم چومسکی نے کشمیری مصنف محبوب مخدومی کےساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 1980کی دہائی کے آخر میں ہونے والے جعلی انتخابات کے بعد سے مظالم میں خطرناک اضافہ ہو گیا۔ انہوں نے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دشمنی دونوں ملکوں کیلئے نقصان دہ ہے ۔ دونوں ہمسایہ ممالک کو امن کی طرف بڑھناچاہیے۔ محبوب مخدومی کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی دانشور نے ملاقات کے دوران مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک سنجیدہ مذاکرتی عمل ہونا چاہیے اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے دونوں کے درمیان اعتماد سازی ضروری ہے ۔انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بارے میں اظہار خیال کر نے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکن انکے خلاف سڑکوں پر آگئے تھے لہذا کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے انہیںایک بار دورہ بھارت کے دوران پولیس کی سیکورٹی لینا پڑی تھی ۔