اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آل پاکستان انجمن تاجران نے اسرائیلی کمپنیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ اور موجودہ اشیا تلف کرنے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان انجمن تاجران نے جمعے کے روز فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر کی مارکیٹیں بند رکھنے کا
فیصلہ کیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر خالد پرویز ملک نے کہا کہ فلسطین کے لئے سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔ حکمرانوں کو جگانے کی ضرورت ہے ،جنگ کرنا پڑی تو مسلمان اکٹھے ہو کر چلیں گے۔انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ اسرائیلی کمپنیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں اور موجودہ اشیا تلف کریں۔دوسری جانب ویانا میں پاکستانی سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہ اہے کہ ویانا کمیشن برائے کرائم پریوینشن اسرائیل کو مظالم بند کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ بدھ کو ویانا میں کمیشن برائے کرائم پریوینشن اور کرمنل جسٹس کا تیسواں اجلاس ہوا جس میںپاکستانی سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کی ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے،رمضان کے مبارک مہینے میں نمازیوں پر مسجدِ اقصیٰ میں حملہ قابلِ مذمت ہے۔ آفتاب کھوکھر نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں جابرانہ اسرائیلی آبادکاری پر سخت تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دو ریاستی حل کا مطالبہ کرتا ہے۔ آفتاب کھوکھر نے کہاکہ کمیشن اسرائیل کو مظالم بند کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔