کراچی(آن لائن)ملک میں کرونا وبا کی تیسری لہر سے نبرد آزما ہونے کے لئے انتہاء طبی نگہداشت کا سامان کراچی پہنچ گیا. پاک بحریہ کا خصوصی جہاز پی این ایس نصر مملکت بحرین سے طبی نگہداشت کا سامان لے کر کراچی پہنچ گیا۔ یہ سامان کرونا وبا کے باعث ایمرجنسی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے معاون ثابت ہو گا۔پاک بحریہ ملکی تعمیر و ترقی اور قدرتی آفات کی صورت میں سول حکومت کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔طبی امدادی سامان
مملکت بحرین کی جانب سے پاکستان کو تحفتا دیا گیا ہے۔ بحرین کے عوام کی جانب سے اس مشکل وقت میں انسانی ہمدردی کا یہ عمل دونوں مسلم ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا اور پاکستانی عوام اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔مملکت بحرین کے قونصل جنرل جناب یاسر عیسیٰ اجلان عیسیٰ الہادی، میجر جنرل محمد ظفر اقبال، کمانڈر کراچی لاجسٹک ایریا اور پاکستان آرمی اور نیوی کے اعلیٰ افسران کراچی کی بندرگاہ پر جہاز کااستقبال کرنے کے لئے موجود تھے۔