لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے نواز شریف کو واپس لانے کے بجائے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شہباز شریف کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے کے بجائے بیرون ملک جانا چاہتے تھے۔
نواز شریف نے کہا تھا کہ 4 ہفتے میں علاج کروا کر واپس آؤں گا اور شہباز شریف نے ہی نواز شریف کی گارنٹی دی تھی۔نجی ٹی وی ہم نیوز کےمطابق انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو واپس لانے کے بجائے شہباز شریف نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ شہباز شریف پر کرپشن، منی لانڈرنگ اور کک بیکس کے الزامات ہیں پہلے وہ ان کا سامنا کریں۔ ان کی جائیدادیں اور اولاد باہر ہیں اور یہ عید بھی باہر منانا چاہتے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ علاج معالجے کی آڑ میں یہ لوگ باہر اپنی جائیدادیں بچانے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عید پاکستان میں کریں ان کو باہر جانے کی کیا جلدی ہے۔ نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے اصلاحات کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپنا وعدہ پورا کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا اور بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک میں کثیر زرمبادلہ بھیجتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور کورونا لاک ڈاؤن لگانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے۔ کورونا کیسز میں کمی لانے کے لیے لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ لوگ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔