لاہور (آن لائن) صوبے بھر کے 7 لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین کو ڈسپیرٹی الائونس کی ادائیگی کے لئے محکمہ خزانہ پنجاب نے صوبائی کابینہ کی سب کمیٹی کو اپنی سفارشات ارسال کردی ہیں۔ ان سفارشات کی روشنی میں کابینہ سب کمیٹی نے ڈسپیرٹی الائونس کی ادائیگی کے
سلسلے میں چار مختلف تجاویز تیار کر کے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے حوالے کردی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب 4 میں سے کوئی ایک تجویز کی منظوری دیں گے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے لاکھوں سرکاری ملازمین کو ڈسپیرٹی الائونس ان کی بنیادی تنخواہ کے ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈسپیرٹی الائونس کی ادائیگی سے پنجاب حکومت کے خزانے پر 22 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے رواں سال جون تک تنخواہ میں 25 فیصد اضافے کو ڈسپیرٹی الائونس سے منسلک کر کے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ خزانہ پنجاب نے مالی سال 2021-22ء کے صوبائی بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں اراکین پنجاب اسمبلی سے تجاویز طلب کرلی ہیں۔ محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے بجٹ تجاویز اراکان اسمبلی سے آن لائن طلب کی گئی ہے یا انہیں ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ وہ اپنی بجٹ تجاویز ایپ کے ذریعے اپ لوڈ کر کے یا پھر اپنے ای میل کے ذریعے محکمہ خزانہ کو بھجوا سکتے ہیں۔