اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی ) آج بروز سوموار ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ تاہم شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، سمیت بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر آندھی،
تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند ایک مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بروزمنگل کو بالائی خیبر پختونخوا،اسلام آباد، گلگت بلتستان اورکشمیر میں آندھی/تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران چند مقامات پر ژ ا لہ باری کا بھی امکان۔رپورٹ کے مطابق۔گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم بالائی خیبر پختو نخوا، پنجاب، کشمیر اورگلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو ئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔دوسری جانب کوہاٹ ڈویژن کے قبائلی ضلع کرم کے صدر مقام پارہ چنار اور ملحقہ علاقوں میں شدید ژالہ باری اور طوفانی بارش نے تباہی مچادی اورکھڑی فصلوں و باغات اور گاڑیوںکو شدید نقصان پہنچا جبکہ درجنوں مکانات کی دیواریں منہدم ہوگئیں۔ محکمہ زراعت کے حکام کے مطابق کئی سالوں بعد گزشتہ شام پارہ چنار میں اس قدر شدید ژالہ باری اور طوفانی بارش ہوئی کہ علاقے نے سفید چادر اْوڑھ لی اور رات گزرنے اوراتوار کی صبح سورج نکلنے کے بعد بھی سڑکوں اور کھیتوں میں اولے پڑے نظر آرہے تھے جس سے نقصانات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی شام قبائلی ضلع کرم کے صدر مقام پارہ چنار اور ملحقہ کئی علاقوں میں شدید ژالہ باری اور طوفانی بارش ہوئی جس کی وجہ سے جہاں کھڑی فصلوں اور پھل کے باغات کو زبردست نقصان پہنچا وہاں شہر کے کئی علاقے زیر آب آگئے اورندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔ اطلاعات کے مطابق شدید بارش کے باعث کئی شہری علاقے بشمول ایئرپورٹ کالونی میں متعدد گھروں میں سیلابی پانی داخل ہوگیا جس پر مقامی لوگوں نے امدادی ٹیموں کو طلب کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کا سہارا لیا جس پر ریسکیوکی ٹیموں نے فوری طورپر متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ژالہ باری سے 20 سے زائد مکانات کو مکمل یا جزوی نقصان پہنچا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر سیلابی پانی میں پھنسے 45 سے زائد افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔ اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں کچے مکانات کی دیواریں سیلابی پانی داخل ہونے کے باعث گرگئی ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔ شدید ژالہ باری اور طوفانی بادوباران کے باعث علاقے میں بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔مقامی لوگوں اور محکمہ زراعت کے حکام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پارہ چنار کو آفت زدہ قرار دے کر نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔دریں اثناء اتوار کے روزبعدازدوپہر کوہاٹ اورمضافاتی علاقوں سمیت قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں بھی شدیدژالہ باری اور موسلادھار بارش ہوئی ۔ژالہ باری کے باعث درہ آدم خیل سے ملحقہ پہاڑوں نے سفید چادراْوڑھ لی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق شدید ژالہ باری کے باعث گھروں کی چھتوں پر لگائے گئے سولرپینل کو بری طرح نقصان پہنچا۔ کوہاٹ میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس کے باعث کھڑی فصلوں اور میوے کے باغات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے وہاںموسم انتہائی خوشگوار ہوا اور روزہ دار لطف اندوز ہوئے۔