اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /اے پی پی)وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی صاحبزادہ پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ رواں سال 40 سے 50 ہزار کے قریب پاکستانیوں کو حج کی ادائیگی کی اجازت مل سکتی ہے، رواں سال حج خصوصی اصولوں ، قواعد و ضوابط، اہلیت، معیار اور عمر کی پابندیوں کے ساتھ خصوصی حالات میں ہوگا۔ اتوار کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ
حجاج کرام کو حج کے دوران کورونا ایس او پیز کی سختی سے پیروی کرنے کی ضرورت ہوگی، صرف انہی لوگوں کو حج پر جانے کی اجازت دی جائے گی جن کی کورونا ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہو گی اور ہماری وزارت اس شرط کی تعمیل کرنے کے لئے تیار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 20 سال سے کم یا 50 سال سے زائد عمر کے حجاج کو رواں سال حج کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے ابھی تک حج انتظامات کو آگے بڑھانے کے لئے گرین سگنل نہیں دیا ہے کیوں کہ مختلف سعودی محکمے حج ، عمرہ وزارت ، سیاحت ، صحت ، داخلہ ابھی بھی حج کو محفوظ بنانے کیلئے انتظامات پر غور کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں پیر نورالحق قادری نے کہا کہ ملک بھر میں ایک ہی دن عیدالفطر منانے کی کوششیں جاری ہیں، رویت ہلال کمیٹی کو قانونی اختیار دیا جائے گا اور قانون سازی کے بعد رویت ہلاک کمیٹی کی خلاف ورزی قابل سزا جرم ہوگا۔