وہاڑی، اسلام آباد (این این آئی)وہاڑی میں پولیس نے اعلیٰ ظرفی کی مثال قائم کرتے ہوئےاہلکاروں کومارنے والے کالعدم تنظیم کے گرفتار کارکنوں کے ساتھ سحر اور افطار کیا۔کالعدم تنظیم کے کارکنوں کے ہاتھوں پیٹی بند بھائیوں کی
شہادت کے باوجود گرفتار مظاہرین کو پولیس لائنز میں اکٹھا کیا، ایک ساتھ بیٹھ کر سحر اور افطار کیا۔اس رویے پر گرفتار افراد کے سرندامت سے جھک گئے،پولیس کی جانب سے صبر و تحمل کے مظاہرے نے لوگوں کے دل جیت لیے، دوسری جانب وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 20 اپریل تک کالعدم مذہبی جماعت کو تحلیل کردیں گے،کالعدم جماعت کے اکاؤنٹ منجمد اور شناختی کارڈ بھی بلاک ہوں گے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ ایک مذہبی جماعت نے ملک کی 192 جگہوں کو بندکیا تھا، اس وقت صرف لاہور یتیم خانہ چوک بند ہے اور اب بھی حالات کشیدہ ہیں، کالعدم جماعت کیساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، 20 اپریل تک تحلیل کردیں گے، ان کے اکاؤنٹ منجمد اور شناختی کارڈ بھی بلاک ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ 20 اپریل کو راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو راستے کھلے ملیں گے۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز ناموس رسالتۖ سے متعلق اہم بیان دیا کہ کسی صورت گستاخی کو قبول نہیں کریں گے۔