اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے پیش گوئی کی ہے کہ عید کے بعد پی ڈی ایم دو دھڑوں میں تقسیم ہوجائیگی ،ایک دھڑے کو (ن)لیگ اور دوسرے کو پیپلزپارٹی لیڈ کرے گی ۔اے این پی کی پی ڈی ایم سے علیحدگی پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ
رمضان المبارک میں یا پھر عید کے بعد تک پی ڈی ایم دو دھڑوں میں تقسیم ہوجائیگی جس کے ایک دھڑے کی سربراہی (ن)لیگ اور دوسرے کی پیپلزپارٹی کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) میں بھی عید کے بعد دھڑے بندی ہونے جارہی ہے جن میں ایک کو مریم نواز اور دوسرے کو حمزہ شہباز لیڈ کرے گا ۔نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے کیے گئے سوال پر انہوں نے کہاکہ نوازشریف کہیں آ جانہیں رہے ، ان کی واپسی بہت مشکل ہے ۔مریم نواز کے بیرون ملک جانے اور اس حوالے سے کسی بزنس مین کے رابطوں بارے سوال پر شیخ رشید نے واضح کیا کہ میرے سے کسی بزنس مین نے رابطہ نہیں کیا اور ویسے بھی مریم نواز خود کہہ رہی ہیں کہ ان کو ملک سے باہر نہیں جانا وہ ملک میں ہی رہیں گی ۔