اسلام آباد(آن لائن)سینئر سیاستدان جہانگیرترین نے وضاحت کی ہے کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کررہا ،ایسی خبریں چلوانے والوں کو مایوسی ہو گی ۔شہلا رضا کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ پر تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے کہا کہ میرے خلاف میڈیا بالخصوص سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے ،آصف زرداری سمیت پیپلزپارٹی کی قیادت سے
ملاقاتوں کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔انہوں نے کہاکہ میرے خلاف خبریں چلوانے والوں کو مایوسی ہو گی ۔دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مخدوم احمد محمود نے بھی جہانگیرترین کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے حوالے سے خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیرترین سے حالیہ دنوں میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی ۔قبل ازیں پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا نے اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ جہانگیر ترین نے سابق گورنر مخدوم احمد محمود سے ملاقات کی ہے جس کے بعد وہ اگلے ہفتے کراچی میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں جہانگیر ترین ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی چھوڑ کر پی پی پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔شہلا رضا کے مطابق اگر جہانگیر ترین واقعی پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے تو نہ بزدار رہے گا نہ نیازی ہوگا