لاہور (آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان مسلم لیگ کسان ونگ کے وفد اور دوسری کسان تنظیموں کے نمائندوں نے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے سپیکر کو آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کسانوں کے مسائل سننے کے بعد کہا کہ ملکی غذائی ضروریات کو پورا کرنے والے کسانوں سے برا سلوک کب ختم ہو گا، کسانوں کو جب باردانہ نہیں دیا جا رہا تو پھر ضلع وار بار دانے پر پابندی کا کیا
مقصد ہے، حکومت کسانوں سے گندم نہیں خرید رہی تو پھر پابندی کس بات کی؟ بہاولپور، ملتان، جنوبی پنجاب سمیت تمام اضلاع میں کاشتکار پر یشان ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پچھلے سال بھی یوکرائن کے کسانوں کو فائدہ پہنچایا گیا اور ہمارے کسان رل گئے تھے، سندھ حکومت اپنے کسانوں سے گندم 2 ہزار روپے فی من خرید رہی ہے، پنجاب کے کسانوں کا پتہ نہیں کیا حال ہوتا ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا۔