کراچی(این این آئی) محکمہ موسمیات نے سندھ میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سندھ بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر حصوں کی طرح سندھ میں بھی ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے خدشات منگل سے ہفتے تک رہیں گے۔پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ انسانی جانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں، سڑکوں پر پانی کی سبیلیں، اور ہیٹ ویو کے حوالے سے کیمپ لگائے جائیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ میدانی علاقے شدیدگرمی کی لہر کے زیر اثر رہیں گے، منگل سے ہفتے کے دوران سندھ کے میدانی علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جب کہ سندھ اور بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سے زیادہ رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔