اسلام آباد(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزرا ء خاص طورپر حفیظ شیخ اور ندیم بابر کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے، ملکی معاشی سالمیت خطرے میں ڈالنے والوں کو بھاگنے نہ دیا جائے،ملکی معیشت کا جنازہ نکالنے، بدترین مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکلوانے، معاشی خودمختاری آئی ایم ایف کے حوالے کرنے والوں کو جیل بھیجا جائے۔ وزیر خزانہ کی تبدیلی پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ(ن)نے کہا کہ کرپشن اور نالائقی سے ڈوبتے ٹائی ٹانک کو وزراء اور کرسیاں بدلنے، چھلانگیں
لگانے سے بچایا نہیں جاسکتا۔نالائق اعظم جب تک نہ بدلے گا، مہریں اور شکلیں بدلنے سے کچھ فرق نہیں پڑے گا۔نالائق اعظم مہروں سے کرپشن کراتا اور چوری سے عوام کی جیبیں کترواتا ہے۔چہرے اور مہرے بدلنے سے عمران مافیا کا ڈاکہ نہیں چھپے گا، ان کو جیلوں میں جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا 400 ارب کا چینی میں ڈاکہ اور جہانگیر ترین برطرف؟ ایل این جی میں 122 ارب کا ڈاکہ اور ندیم بابربرطرف؟،500 ارب کی دوائیوں کا ڈاکہ اور عامر کیانی برطرف؟، کرپٹ ٹولے کو برطرف نہیں بلکہ جیلوں میں ہونا چاہئے۔