اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے نومنتخب وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر کو اہم ہدایات جاری کردیں۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیرخزانہ حماداظہر سے بنی گالہ میں ملاقات کی۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حماد اظہر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور ملکی معیشت سمیت عوامی فلاحی اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزیراعظم نے حماد اظہر کو غریب آدمی کیلئے ریلیف کے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے خزانہ حماد اظہر نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ وہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات شروع کردیں گے۔واضح رہے کہ ایک روز قبل وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کرتے ہوئے عبدالحفیظ شیخ کو وزارتِ خزانہ کا قلم دان چھوڑنے اور حماد اظہر کو نئی ذمہ داری سونپی جس پر انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔