کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے سابق وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ کی برطرفی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں شکست کے بعد حفیظ شیخ کی وکٹ ہی اڑگئی۔ حفیظ شیخ کی برطرفی پی ڈی ایم اور
پاکستان پیپلزپارٹی کی ایک اور کامیابی ہے۔یہ بلاول بھٹو کا وژن ہے کہ سینیٹ سے یوسف رضا گیلانی کو الیکشن لڑوا کر آئی ایم ایف کے نمائندے کو کابینہ سے ہی باہر کروادیا۔ حفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے عہدے پر کام جاری رکھنے کے لئے سینیٹ میں جیت درکار ۔ شیری رحمان نے کہا کہ حفیظ شیخ پاکستان میں پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ اور ملک میں بدترین مہنگائی کے ذمہ داروں میں سے ایک ہیں۔ عوام دشمن بجٹ کے ایک ذمہ دار کا آج میدان سے باہر ہونا سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کی جیت کا ایک اور نتیجہ ہے۔سینیٹ میں بدترین شکست کے بعد حکومت کو بھی یاد آگیا کہ حفیظ شیخ ایک نااہل وزیر خزانہ ہیں۔ حفیظ شیخ ملک کی معاشی تباہی کے اکلوتے ذمہ دار نہیں بلکہ پوری کابینہ ملک میں مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی ذمہ دار ہے۔ آج حفیظ شیخ گئے ہیں، اگلی باری عمران خان کی ہوگی۔