اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر دفاع پرویز خٹک بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین کی پہلی ڈوز لگواچکا تھا تاہم دعا ہے کہ
اللہ کورونا کے تمام متاثرین پر رحم فرمائے۔دوسری جانب وزیر دفاع پرویز خٹک کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا،گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ٹوئٹر پر پرویز خٹک کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر دی ۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث مختلف علاقوں میں لاک ڈاون نافذ کردیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق بحریہ ٹائون فیز ٹو اور تھری، سواں گارڈن بلاک ٹو اور ڈی ایچ اے ٹو میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کورنگ ٹاؤن، پاکستان ٹاؤن فیز ون، نیشنل پولیس فائونڈیشن بلاک اے اور پی ڈبلیو ڈی بلاک سی میں بھی لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ۔متاثرہ علاقوں میں اشیا خورو نوش کی دکانیں صبح نو سے شام سات بجے جبکہ میڈیکل اسٹورز چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے۔