لاہور(این این آئی)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کرونا سے نمٹنے کیلئے باتیں کم اور ویکسین کا زیادہ بندوبست کریں۔ خطے کے تمام ممالک سے پاکستان عوام کو ویکسین دینے میں سب سے پیچھے ہے۔ روز بروز کرونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔
اگر بر وقت اقدامات نہ کئے گئے تو بہت سی قیمتی جانوں کے ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔انہوں نے مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار کے بیٹے اور پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر پنجاب طاہر خورشید کی بیٹی کی دعوت ولیمہ کے موقع پر دلہا دلہن کو مبارک باد دینے کے بعدموجودہ ملکی سیا سی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی،بے روز گاری کی وجہ سے عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔عوام کو ریلیف نہ دیا تو آئندہ الیکشن میں مشکلات کا سامنا کر نا ہو گا۔رمضان المبارک برکتوں والا مہینہ ہے اس میں عوام کو ریلیف ملنا چاہیے۔ ایم این اے مونس الہٰی،گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، شافع حسین، وزیراعظم کے معاونیں خصوصی شہباز گل، میاں عامر،ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، سینئر صحافی چودھری غلام حسین، قیصر بریارسمیت دیگر سیا سی و سماجی شخصیات نے شادی کی تقریب میں شرکت کی۔