کراچی (این این آئی) پولیس نے پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت اور سیلیبریٹیزکو بڑا چونا لگانے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے فراڈ اور ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔پولیس کے مطابق کراچی میں پولیس نے پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی اور سلیبریٹیز کو چونا
لگانے کی کوشش ناکام بنادی ، ایم این اے شاہدہ رحمانی اور فریال تالپورکینام پر پیسے بٹورنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔گلشن معمارتھانے کی کارروائی کے دوران ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی ، پیپلز پارٹی وومن ونگ کراچی ڈویژن کی درخواست پر پولیس نے کارروائی کی، جس کے بعد شاہدہ رحمانی کے بیٹے ہلال سعید کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمے میں 420 اور ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مدعی مقدمہ ہلال سعید کے مطابق ملزم ہائی پروفائل شخصیات، سیلیبریٹیز اور دیگر افراد سے شاہدہ رحمانی کے نام سے پیسے مانگتا تھا، ملزم نے شاہدہ رحمانی کے نام سے واٹس ایپ پروفائل بنائی اور واٹس ایپ میسج میں ایسے ظاہر کیا جاتا جیسے شاہدہ رحمانی فریال تالپور کے کہنے پر پیسے جمع کر رہی ہوں۔مدعی مقدمہ کے مطابق ایک پاکستانی سنگر اور کئی شخصیات کی جانب سے پیسے بھی ایزی پیسہ کیے گئے جبکہ ملزم نے ایم این اے قادر پٹیل، پلوشہ خان، امداد پتافی ، ایم این اے ناز بلوچ ، ایم این اے آغا رفیع اللہ ایم این اے شگفتہ جمانی، ایم این اے ابرار حسین شاہ اور ایم این اے شازیہ سنگھار کو واٹس ایپ میسجز کیے اور رقم مانگی۔مدعی ہلال سعید کے مطابق ملزم کے عمل سے میری والدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا ، ملزم کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے جبکہ پولیس کی جانب سے ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔