اسلام آباد( آن لائن، این این آئی )اوگرا نے یکم فروری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں12روپے فی لیٹر اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھجوادی ۔ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیج دی جس میں پیٹرول 12 روپے اور
ڈیزل 10 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کی سمری 30 روپے فی لیٹر لیوی کی بنیاد پر تیار کی، اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر لیوی 21 روپے 56 پیسے اور فی لیٹر ڈیزل پر 23 روپے 9 پیسے ہے۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت لیوی میں اضافہ نہ کرکے مجوزہ اضافے کو بہت کم سطح پر بھی لاسکتی ہے یا لیوی میں معمولی کمی سے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کو برقراربھی رکھ سکتی ہے۔ گزشتہ ماہ حکومت نے 15 ،15 روز بعد دو مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا جس کے تحت یکم جنوری سے پیٹرول کی قیمت میں 2.31 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔حکومت نے 15 جنوری کو پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے پچانوے پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔دوسری جانب پٹرولیم ڈویژن نے پٹرول اور ڈیزل پراوایم سی اورڈیلرمارجن بڑھانے کی سمری غور
کیلئے ای سی سی کو بھجوا دی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دستاویز میں بتایاگیاکہ پٹرول پراوایم سی مارجن میں 45 پیسے فی لٹراضافے، پٹرول پرڈیلرزمارجن میں 58 پیسے اضافے ،ہائی سپیڈڈیزل پراوایم سی مارجن میں 45پیسے فی لٹر اضافے اور ڈیزل پرڈیلرزمارجن میں 50 پیسے
بڑھانے کی تجویز دی گئی ۔ دستاویز کے مطابق پٹرول پراوایم سی مارجن2روپے 81پیسے سے3 روپے 26پیسے کرنے کی تجویزدی گئی ،پٹرول پرڈیلرزمارجن 3روپے 70پیسے سے 4روپے28پیسے فی لٹر،ڈیزل پراوایم سی مارجن 2روپے 81پیسے سے3روپے26پیسے کرنے اور ہائی سپیڈڈیزل پرڈیلرزمارجن 3روپے12پیسے سے 3روپے 62پیسے کرنے کی تجویز دی گئی ۔