اسلام آباد /بیجنگ(این این آئی)پاک بحریہ کے لیے بننے والے دوسرے ٹائپ 054 کلاس فریگیٹ کی لانچنگ کی تقریب چین میں منعقد ہوئی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب کا اہتمام ہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ چائنہ میں کیا گیا۔ پاک بحریہ کے کموڈور اظفر ہمایوں تقریب کے
مہمان خصوصی تھے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ جہاز ہر قسم کی جدید ٹیکنالوجی، جنگی آلات، اسلحے اور سینسرز سے لیس ہوگا۔ پاک بحریہ کے بیڑے میں اس جہاز کی شمولیت سے ملکی سمندری دفاع مذید مضبوط ہو گا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق عالمی سطح پر درپیش وبائی صورتحال کے باوجود پراجیکٹ کی بر وقت تکمیل شپ یارڈ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کموڈور اظفر ہمایوں نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ فریگیٹ جہازوں کی تیاری پاکستان اور چین کی لازوال دوستی اور مضبوط سفارتی تعلقات کی عکاس ہے۔ انہوں نے عالمی وبا کورونا کے باوجود ہوڈونگ ژونگوا شپ یارڈ اور چائنا شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی کی جانب سے اس پراجیکٹ کو وقت پر مکمل کرنے پر ان کی محنت اور جذبے کو سراہا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب میں چینی حکام کے علاوہ چائنہ شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی اور ہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ کے نماندوں نے بھی شرکت کی۔