کراچی(این این آئی)کراچی سمیت ملک بھر میں ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا، بکنگ کا نظام بیٹھ جانے سے ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان جبکہ مسافر بھی سخت پریشانی کا شکار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت پورے پاکستان میں ریلوے کا ریزرویشن نظام بیٹھ گیا،
کراچی کینٹ، سٹی اسٹیشن، لانڈھی اور ڈرگ روڈ میں ریلوے بکنگ دفاتر پر ریزرویشن بند ہوگئی۔صبح 8 بجے سے کھلنے والے دفاتر میں بکنگ بندہوگئی جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ 12بجے تک بھی ریلوے ریزرویشن نظام بحال نہ کیا جاسکا، ریلوے گارڈز ریزرویشن چارٹ کے بغیر ٹرینوں میں روانہ ہوگئے۔بکنگ کا نظام بیٹھ جانے سے ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث ریلوے میں سخت احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں، ریلوے حکام نے ایس او پیز کے تحت ٹرین عملے کے ٹکٹ ہاتھ میں لے کر چیک کرنے پر پابندی لگائی ہے۔