اسلام آباد (مانیٹرنگ +این این آئی) پورے ملک میں نو جنوری کی رات بجلی کا بریک ڈاؤن کیوں ہوا، اس بارے میں نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ گڈو پاورپلانٹ کا سرکٹ بریکر غلط طریقے سے بند کرنے پر پورا پاور سسٹم بیٹھ گیا، نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق گڈو پاور پلانٹ کے سوئچ یارڈ میں لگے
ایک بریکر کی مرمت کا کام جاری تھا۔ سرکٹ بریکر کو دن کو کام کرنے والا عملہ بند کئے بغیر ہی چلا گیا، جب رات کا عملہ آیا تو اس نے سرکٹ بریکرکی ارتھنگ ختم کیے بغیر اسے بند کیا، یہ عمل کرنے کی دیر تھی کہ گڈو پاور پلانٹ بیٹھ گیا۔جیسے ہی گڈو پاور پلانٹ بند ہوا پلانٹ سے نکلنے والی ٹرانسمیشن لائنیں بھی ٹرپ کرگئیں،نجی ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ گڈو پاورپلانٹ کے بریکر کی مرمت کا کام بھی بغیر منظوری کے کئے جا رہا تھا۔ دوسری جانب سندھ کے وزیر اطلاعات وبلدیات سید ناصر حسین شاہ نے حالیہ ہونے والے بجلی بریک ڈاؤن سے متعلق حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہا ہے کہ گڈوتھرمل کا بریک ڈاؤن ہوا تو اس کا اثر پورے ملک پرکیسے ہوا؟، دعوے کرنے والے ہر فیلڈ میں ناکام ہو چکے ہیں، لانگ مارچ ہمیشہ اسلام آباد کی طرف ہوتا ہے اور وہی ہوگا، بلاول بھٹو واضح کر چکے ہیں کہ مارچ اسلام آباد کی طرف ہوگا۔منگل کو جاری اپنے بیان میں سندھ کے وزیر اطلاعات وبلدیات ناصر حسین شاہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت کے متعلق کہا کہ آصف زرداری کی طبیعت کچھ دنوں سے خراب ہے، آصف زرداری کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ڈرامے زیادہ دیر نہیں چل سکتے، پی ٹی آئی خود کچھ نہیں کر رہی سندھ حکومت کے کام کرنے سے ان کو تکلیف ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پورے پاکستان میں ایک ادارہ دکھادیں جہاں لیورٹرانسپلانٹ کا مفت علاج ہوتا ہو۔