لاہور (آن لائن ٌ) پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) نے افسر بننے کے خواہش مند ہزاروں طلباء کا مستقبل داؤ پر لگا دیا، پی پی ایس سی نے امتحان کے لیے امیدواروں کو امتحانی مراکز بلا کر پرچہ ملتوی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی صبح پنجاب پبلک سروس کمیشن کی
جانب سے مختلف محکموں میں گریڈ 16 کی بھرتیوں کے لیے امتحانات شیڈول تھے۔جن کے لیے امیدوار صبح سویرے امتحانی مراکز پہنچے لیکن پرچہ شروع ہونے سے صرف آدھا گھنٹہ قبل پی پی ایس سی نے پرچہ ملتوی کردیا۔ پی پی ایس سی نے بی او آر میں بھرتی کیلئے ہونے والے امتحان کے علاوہ تحصیلدار، اشتمال آفیسر اور ہل ٹورنٹ آفیسرز کے امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔ امتحانی مراکز پر پہنچنے والے طلباکو واپس گھروں کو بھیج دیا گیا ہے جبکہ امتحانات ملتوی کرنے کے حوالے سے پی پی ایس سی کی ویب سائٹ پر بھی نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔امتحانات کی نئی تاریخوں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جلد ہی امیدواروں کو آگاہ کیا جائے گا۔لاہور میں وحدت روڈ سمیت مختلف امتحانی مراکز پر طلبہ کا رش ہونے ٹریفک کی روانی متاثر ہو چکی ہے۔ لاہور اور ملتان سمیت متعدد شروں میں طلباء کی جانب سے پنجاب پبلک سروس کمیشن کیخلاف نعرے بازی اور احتجاج کیا گیا ہے۔