سرگودھا(این این آئی)سرگودھا کے چک 17 جنوبی ٹانگوالی میں پسند کی 6 شادیاں کرنے والی 30 سالہ خاتون کو سگے 22 سالہ بھائی نے موت کے گھاٹ اتار دیا جس کے شوہر نے بیوی کے لاپتہ کا مقدمہ درج کروایا تو قتل کی واردات کا پول کھل گیا۔ جس میں بتایا گیا کہ سرگودھا
کے چک 17 جنوبی ٹانگوالی میں 22 سالہ نوجوان عبداللہ ہاشم نے چھٹی شادی کر کے میکے آئی 30 سالہ بہن نگہت پروین کو کمرے میں بند کر کے قتل کر دیا۔ پسند کی 6 شادیاں کرنے والی 30 سالہ مقتولہ خاتون کے چھٹے شوہر وسیم امجد نے 17 اگست2020 کو تھانہ صدر میں مقدمہ درج کروایا کہ اس کی بیوی چک 17 جنوبی ٹانگوالی کی 30 سالہ نگہت پروین لاپتہ ہو گئی ہے۔اس مقدمہ کے اندراج کے بعد پولیس نگہت پروین کی تلاش میں مصروف تفتیش رہی اور مغوعیہ کے آخری موبائل کال ٹریس کی جس کی لوکیشن میکے گھر نکلی۔جہاں رابطہ پر والدین نے کہا کہ نگہت پروین دوستوں کے ساتھ اسلام آباد گئی ہوئی ہے۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے تفتیش کو آگے بڑھایا اور نگہت پروین کے 22 سالہ بھائی عبداللہ ہاشم کو شامل تفتیش کیا تواس نے انکشاف کیا کہ بہن کا گزشتہ 8 سال سے کردار اس کے لئے شرمندگی کا باعث رہااور جب وہ چھٹی شادی کر کے گھر آئی تو میں نے کمرے میں بند کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کا چالان جلد مرتب کر کے عدالت کو بھجوا دیا جائے گا۔