اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن )یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں سستے گھی کی خریداری میں 70 کروڑ روپے کے نقصان کا انکشاف ۔ یوٹیلٹی سٹورز کی انٹرنل آڈٹ رپورٹ کے مطابق گھی کے ایک برانڈ کو 153 کے بجائے 190 روپے فی کلو گھی خرید کر 37 کروڑ 80 لاکھ روپے کا فائدہ دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز نے ایک برانڈ سے 1 کروڑ 20 لاکھ کلوگرام گھی 190 روپے فی کلو پر خریدا جبکہ پانچ مختلف برانڈ سے مہنگا گھی خرید کر قومی خزانے کو 12 کروڑ 90 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔دوسری جانب پنجاب بھر کے یوٹیلیٹی سٹوروں پر چینی بحران، آٹا بحران اور گھی بحران کے بعد اب دال بحران نے بھی سر اٹھا لیا ہے، بتایا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹوروں پر سستے گھی کے ساتھ ساتھ دال ماش بھی غائب ہو کر رہ گئی ہے۔ مختلف اشیا یوٹیلیٹی سٹور پر عدم دستیابی کے باعث خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ اس حوالے سے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ گیس بحران کی وجہ سے گھی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے اور اس کمی کے باعث یوٹیلیٹی سٹورزپر گھی کا بحران شروع ہوگیا ہے۔