لاہور( این این آئی )مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے تین مرتبہ اپنی وزارت عظمی کھوئی ہے اور پنجاب والوں کے پاس اس کے سوا چھوٹے صوبوں کو دکھانے کے لئے کوئی قربانی نہیں ہے ، چھوٹے صوبوں کے ساتھ جتنی زیادتیاں کی گئی ہیں وہ اس کے باوجود ہم سے روٹھے نہیں ہمارے ساتھ چل رہے ہیں لیکن اب انہیں ان کے حقوق دینا ہوں گے،
عمران خان خود اور اس کی حکومت کوئی شے نہیں ہے ، اس کے پیچھے جو کھڑے ہیں انہیں پیچھے ہٹنا ہوگا۔ مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کے زیر اہتمام جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہم نے ستر سال میں اپنے چھوٹے صوبوں کے ساتھ زیادتیاں کیں،کسی کے بچے کو ذبح کیا ہے، ان کے لیڈروں کو پھانسیاں دی ہیں، آج بھی وہاں گولیاں چلا رہے ہیں۔اس کے باوجود یہ ہمارے ساتھ مل کر رہنا چاہتے ہیں حالانکہ ہم تو قرارداد پاکستان کو بھی بھول گئے ہیں، ہم نے خود ملک کے وجود کو توڑا ۔انہوں نے کہا کہ جس کے پاس بندوق تھی اس نے قوم پر حکومت کی تھی اور جس کے پاس آئین تھا اسے ماردیاگیا ، نواز شریف نے تین بار وزارت عظمیٰ کھوئی ، لیکن پنجابیوں کے پاس اس کے علاوہ دکھانے کو کچھ نہیں ۔اس ملک کے اندر جب تک ووٹ کو عزت ہم نہیں دیتے مسائل حل نہیں ہوں گے اب ہمیں سمجھ جانا چاہیے ،اب پاکستان کے لوگ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، پنجاب اٹھ کھڑا ہوا ہے ، اب وہ کسی کو حاکم کے طور پر قبول کرنے کے تیار نہیں ،اس ملک کے اندر انقلاب آپ کے دروازوں تک پہنچ گیا ہے، آپ کو پیچھے ہٹنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران کوئی شے نہیں اس کی حکومت کوئی شے نہیں ہے ، اب لوگ کہتے ہیں پہلے اسے ہٹائیں گے پھر آرام سے بیٹھیں گے،وقت آ رہا ہے یہ حکومت بھی جائے گی ،دوبارہ انتخابات ہوں گے اور آئین کے مطابق حکومت بنے گی ۔