لاہور (آن لائن) محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے لاہور کی ضلعی حکومت کو پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور سرگرم 500 سے زائد کارکنوں کی فہرست فراہم کردی گئی ہے۔ جس کا مقصد ان (ن) لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کو آئندہ 90
روز کے لئے گھروں میں نظر بند کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایا گیاہے کہ اس سلسلے میں پنجاب کی دونوں انٹیلی جنس کمیٹیوں کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہفتے کے روز منعقد ہوا۔ جس میں 500 سے زائد (ن) لیگی رہنماؤں اور متحرک کارکنوں کو 90 روز کے لئے نظر بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کارکنوں اور رہنماؤں کی نظر بندی کے لئے ورکنگ پیپر تیار کیا گیا۔ جسے لاہور کی ضلعی حکومت کے حوالے کردیا گیا تھا جبکہ دوسری طرف نظر بندی کے حوالے سے تیار کی جانے والی فہرست منظر عام پر آنے کے بعد فہرست میں شامل بیشتر لیگی رہنما اور کارکنان ہفتے کی صبح ہی انڈر گراؤنڈ ہوگئے جبکہ پولیس انہیں تلاش ہی کرتی رہ گئی۔



















































